فلم انڈسٹری میں پاپا جی کے نام سے مشہور پرتھوی راج اپنے تھیئٹر کے تین گھنٹے کے شو کے ختم ہونے کے بعد دروازے پر جھولی لے کر کھڑے تھے تاکہ شو دیکھ کر باہر نکلنے والے لوگ جھولی میں کچھ پیسے ڈال سکیں۔ان پیسوں کے ذریعہ پرتھوی راج کپور نے ایک ورکر فنڈ بنایا تھا جس کے ذریعے وہ پرتھوی تھیئٹر میں کام کرنے والے لوگوں کو ضرورت کے وقت مدد کیا کرتے تھے۔
پرتھوی راج کپورنے خود کو اپنے کام کے لیے وقف کررکھا تھا۔ایک بار اس وقت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے انہیں بیرون ملک جانےوالے ثقافتی وفد میں شامل کرنے کی پیش کش کی لیکن پرتھوی راج کپور نے نہرو جی سے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ وہ تھیئٹر کے کام کو چھوڑ کر غیر ملک نہیں جاسکتے۔