رامپور میں تقریباً 52 برس سے سرگرم سماجی و فلاحی تنظیم ' اسلامک یوتھ آرگنائزیشن'س نے رامپور کی تاریخی جامع مسجد میں صف بندی کرنے کی ذمہ دراری لی ہے۔ پیش ہے خصوصی رپورٹ۔
یوں تو پوری دنیا کے مسلمان جمعۃ الوداع کی نماز کا اہتمام کرتے ہیں لیکن ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں اس کا اہتمام کافی اہمیت کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ یہاں ضلع بھر کے لاکھوں فرزندان توحید نئے نئے کپڑے پہن کر شہر کی تاریخی جامع مسجد کی جانب کوچ کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کو جامع مسجد کے اندر ہی نماز ادا کرنے کے لئے جگہ مل جائے۔
یہی وجہ ہے کہ دور دراز کے علاقوں سے لوگ فجر کے بعد سے ہی جامع مسجد پہنچنا شروع ہو جاتے ہیں اور 6 ہزار فرزندان توحید کی تعداد والی جامع مسجد کا پورا صحن چند گھنٹوں میں ہی پُر ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد لوگوں کو جامع مسجد کے اطراف کی شاہراہوں پر صفیں لگانی پڑتی ہیں۔ باہر کی شاہراہوں پر بھی دور تک نمازیوں کے سر ہی سر نظر آتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق جامع مسجد کی سیڑھیوں سے کم از کم چار کلومیٹر دور تک لوگ صفیں باندھے نظر آتے ہیں۔