'مسلمان نریندر مودی کی حکومت میں زیادہ محفوظ ہیں' - حکومت
بی جے پی کے سینئر رہنما اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ بھارت میں نریندر مودی کی سرکار میں مسلمان سب سے زیادہ محفوظ ہیں۔
یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا 'بھارت میں مسلمان نریندر مودی کی سرکار میں سب سے زیادہ محفوظ ہیں اور مودی کے مشن سب کا ساتھ، سب کا وکاس نے سماج کے تمام طبقوں بلا لحاظ مذہب و ذات کے ساتھ انصاف کیا'۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا 'اگر ان جماعتوں کی سرکاروں نے جموں کشمیر کے لئے واگذار کی جانے والی رقوم کا صرف 20فیصدی ترقیاتی کاموں پر ایمانداری سے صرف کیا ہوتا تو کشمیر میں ایک بھی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن جن لوگوں نے کافی عرصہ تک یہاں حکومت کی انہوں نے عوام کی بہبودی کے بجائے اپنی تجوریاں بھردیں'۔
نقوی نے کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک کے کسی بھی حصے میں فرقہ وارانہ فساد کا ایک بھی واقعہ رونما نہیں ہوا اور کشمیر کی ایک دو جگہوں کو چھوڑ کر ملک میں دہشت گردی کا بھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور کشمیری لوگوں کے لئے امن اور ترقی بہت ضروری ہے اور مودی جی نے ملک کے تمام لوگوں بلا لحاظ مذہب وملت وذات پات کی ترقی کے لئے ایک شاہراہ اختیار کی ہے جس کی وجہ سے کنیا کماری سے کرگل تک مودی کی ترقی کا ڈھنکا بج رہا ہے۔
نقوی نے کہا کہ مودی حکومت نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران ریاست میں 2 لاکھ کروڑ مالیت کے پروجیکٹوں کو شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے لاکھوں لوگوں نے مرکز کی طرف سے لانچ کی گئی کئی بہبودی سکیموں سے فائدہ اُٹھایا ہے۔
نقوی نے کہا کہ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے اور کونسل کو مزید حقوق دئے گئے ہیں۔