امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعلق میں خصوصی مشیر رابرٹ ملر کی جانب سے امریکی کانگرس میں ایک رپورٹ جمع کروائی گئی، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں روس کے ساتھ سازش نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ اس رپورٹ کے خلاصے میں کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی اور نہ ہی اس میں صدر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اٹارنی جنرل ولیم بار نے اس رپورٹ کا خلاصہ کانگرس کے لیے تیار کیا ہے۔
اس رپورٹ کے خلاصے کے سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'کوئی نتیجہ نہیں، کوئی رکاوٹ نہیں، میں مکمل طور پر بری الذمہ ہوں۔ امریکہ کی عظمت کو قائم رکھیں'۔
صدر ٹرمپ جو کہ اس تحقیقات کو شروع سے ہی الزام تراشی قرار دے رہے تھے، انہوں نے اتوار کو یہ رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد کہا کہ یہ بے حد شرمناک ہے کہ ملک کو ان سب سے گزرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تفتیش غیر قانونی تھی جو ناکام ہو گئی۔