مہاراشٹر کےنائب وزیر اعلی اجیت پوارکا کورونا ٹسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔یہ اطلاع نائب وزیراعلی نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پردی ہے۔
اجیت پوار نے 17 اکتوبر کو شولا پور میں ایک جائزہ اجلاس میں عوامی طور پر شرکت کی تھی۔ جس کے بعد ان کی کورونا کی علامات ملنے کے بعد چار دن پہلے ہی اپنے آپ کو الگ تھلگ کردیا تھا۔مگر پیر کے روز ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
اسپتال سے اجیت پوار نے کارکنوں کو ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ’’ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے میری حالت ٹھیک ہے۔ احتیاط کے پیش نظر مجھے ڈاکٹر کے مشورے سے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریاست کے شہری اور این سی پی کے تمام رہنماؤں نے عہدیداروں اور کارکنوں کوبتاناچاہتا ہوں کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ، میری حالت ٹھیک ہے۔ کچھ آرام کے بعد میں آپ کے ساتھ آؤں گا۔ ‘‘
واضح رہے اجیت پوار نوویں وزیر مملکت ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان سے پہلے ریاستی بالا صاحب پاٹل ،سابق وزیر اعلی اشوک چوان ،وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ ،وزیر اوئے ساونت ،ہاوسنگ منسٹر جتیندر اہواد ، دھننجئے منڈے ، سنجے بنسود اور عبد الستاربھی انفکشن کے شکارہوچکے ہیں۔ دو دن پہلے سابق سی ایم دیویندر فڑنویس بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد الگ تھلگ ہیں۔