مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے نئے کیسز محکمہ صحت کے لئے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ جب کہ بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ درج کیا جارہا ہے۔
بنگال میں کورونا سے 71 لوگوں کی موت، متاثرین کی تعداد 17 ہزار کے پار مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے جس کی وجہ سے کورونا کے نئے کیسز اور مرنے والوں کی تعداد میں تشویشناک طور پر اضافہ ہوا ہے۔
خبروں کے مطابق مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اندازے سے بھی زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے سبب پوری ریاست اس کی زد میں آچکی ہے۔
مغربی بنگال کا ایک بھی ضلع ایسا نہیں ہے جو کورونا وائرس کی زد میں نہ ہو۔ کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان دو اضلاع میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں تیزی اضافہ ہوا ہے۔ اس بیماری سے موت کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 16 ہزار 687 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 61 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس طرح مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے نئے کیسز تعداد میں 17 ہزار تک پہونچ چکے ہیں۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر محکمہ صحت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی بیماری ہے جس پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر اور گائڈ لائنس پر عمل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرنے کے سبب کورونا وائرس کی دوسری لہر بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق دارالحکومت کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ کورونا کی دوسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہیں. ان دونوں اضلاع میں یومیہ پانچ - پانچ ہزار نئے کیسز آرہے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد ساڑھے سات لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ اب تک اس بیماری سے گیارہ ہزار لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
دوسری طرف انتخابی مہم کے دوران کانگریس کے امیدوار ریاض الحق اور متحدہ اتحاد کے حمایت یافتہ آر ایس پی کے امیدوار پردیپ نندی کی کورونا کے سبب موت ہو گئی تھی۔ اسمبلی انتخابات 2021 کے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار کاجل سنہا کی بھی موت ہوگئی. علاوہ ازیں بنگلہ زبان کے مشہور شاعرشانکو گھوش اور مشہور موسیقی کار کی بھی موت ہوچکی ہے۔