وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نیتی آیوگ کے گورننگ کونسل کے اجلاس میں زرعی شعبے میں بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کے مقصد سے وزرائے اعلی اور مرکزی وزراء کی اعلی سطحی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا۔
نیتی آیوگ کے نائب صدر راجیو کمار اور چیف ایگزیکٹو افسر امیتابھ کانت نے ہفتہ کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ اجلاس کے بعد دیر رات یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
یہ ٹاسک فورس زراعت میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر دو ۔تين ماہ میں اپنی رپورٹ دے گی۔ ٹاسک فورس میں کچھ ریاستوں کے وزرائے اعلی اور مرکزی وزیر شامل ہوں گے۔
اجلاس میں زرعی شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے کئی وزرائے اعلی نے زرعی پروسیسنگ اور سرمایہ کاری پر توجہ دینے پر زور دیا۔
کمار نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں پانی کے تحفظ اور انتظام سے متعلق ان کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے اس اجلاس میں منظور کیا گیا اور شمال مشرق کی سبھی ریاستوں نے اس کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ وزرائے اعلی نے ملک میں خشک سالی کے حالات کو ذہن میں رکھ کر ڈیزاسٹر ریلیف کےضابطوں کا تجزیہ کرنے پر زور دیا۔ ضرورت مند اضلاع کے سلسلے میں جاری پروگراموں کی ریاستوں نے ستائش کی۔ ریاستوں نے اپنے اضلاع اور تحصیلوں کے درمیان بھی مقابلہ کی بات کہی۔