اردو

urdu

ETV Bharat / briefs

سودیوی ماتاجی کے ویزا کا معاملہ، سشما نے رپورٹ مانگی

وزیر خارجہ سشما سوراج نے طویل عرصے سے گئو سیوا کے کام میں مصروف سماجی کارکن اور پدم شری انعام سے سرفراز فریڈرک ارینا کے ویزا کی مدت میں توسیع کیے جانے سے انکار کے معاملے میں وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔

By

Published : May 26, 2019, 7:31 PM IST

سودیوی ماتاجی کے ویزا کا معاملہ: سشما نے رپورٹ مانگی

سوراج کو میڈیا رپورٹ سے پتہ چلا کہ متھرا میں دہائیوں سے گئو سیوا کے کام میں مصروف جرمن شہری فیڈرک ارینا جنہیں سودیوی ماتاجی کے نام سے جانا جاتا ہے، کے ویزا کی مدت بڑھانے سے متعلق درخواست کو وزارت خارجہ نے خارج کردیا ہے۔ اس کے بعد وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے وزارت خارجہ سے اس بارے میں رپورٹ مانگی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اس میڈیا رپورٹ کے ساتھ پوسٹ کیا۔ یہ بات میری اطلاع میں لانے کے لئے شکریہ۔ میں نے اس تعلق سے رپورٹ مانگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان کی درخواست خارج ہونے کے بعد سماجی کارکن نے کہا تھا کہ ان کے پاس پدم شری انعام واپس کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ بیمار گایوں کی خدمت نہیں کرسکتیں تو یہ انعام اپنے پاس رکھ وہ کیا کریں گی۔ ان کے ویزا کی مدت 25 جون کو ختم ہورہی ہے۔ وزارت خارجہ کے لکھنٔو دفتر نے ویزا کی مدت بڑھانے سے متعلق ان کی درخواست کو خارج کردیا ہے۔

جرمن شہری سودیوی ماتاجی تقریباً تین دہائیوں سے رادھا کنڈ میں گئو سیوا کے کام میں مصروف ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details