کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتخابات کے بعد 'ایگزٹ پول' کو اپوزیشن کے حوصلہ شکنی کی سازش قرار دیا۔
پرینکا نے اپنے ایک پیام میں کہا کہ ایگزٹ پول کے نتائج محض اپوزیشن کا حوصلہ توڑنے کی سازش ہے۔ اس لیے اس طرح کے پرچار اور افواہوں پر توجہ دینے کی بجائے محتاط اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا 'پیارے کارکنوں، بہنوں اور بھائیوں، افواہوں اور ایگزٹ پول سے ہمت نہ ہاریں، یہ آپ کا حوصلہ توڑنے کے لیے پھیلائی جارہی افواہیں ہیں، اس دوران آپ کی مستعدی اور چوکسی اور بھی اہم ہوجاتی ہے، اسٹرانگ روم اور ووٹوں کی گنتی مراکز میں ڈٹے رہیے اور چوکنا رہیے، ہمیں پوری امید ہے کہ آپ کی اور ہماری محنت پھل لائے گی'۔
واضح رہے کہ زیادہ تر ایگزٹ پول میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی این ڈی اے کو پھر سے مکمل اکثریت ملنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے، اس سے کانگریس، دیگر اپوزیشن پارٹیوں اور ان کے حامیوں اور کارکنوں میں مایوسی کا ماحول ہے۔