فصیل بند شہر کی ایک تاریخی نوعیت ہے اور اس سے وابستہ تمام بازار اور مقامات بھی اپنی تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔
آج موضوع گفتگو دہلی گیٹ سے دریا گنج کے درمیان لگنے والا کتابوں کا بازار ہے جو آج سے نہیں بلکہ آزادی کے بعد سے مستقل سجایا جارہا ہے۔
وہ بازار جہاں کتابیں تول کر بکتی ہیں ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ اس وقت یہ مارکیٹ صرف ہرے بھرے شاہ کی درگاہ سے لے کر سائیکل مارکیٹ تک لگا کرتی تھی لیکن اب اس بازار نے قومی سطح پر اپنی منفرد شناخت حاصل کرلی ہے۔
ملک میں زیادہ تر شہروں کے لوگ دہلی میں لگائے جانے والے اس بازار کو جانتے ہیں، اس بازار میں کتابیں بہت کم قیمت پر دستیاب رہتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس بازار کو کئی بار اجاڑنے کی بھی کوشش کی گئی تاہم تمام تر کوششیں ناکام رہیں اور یہ بازار آج بھی اسی طرح قائم دائم ہے۔
اس بازار میں تاریخی، فیشن، میڈیکل، انجینیئرنگ، سی اے، وکالت، آئی اے ایس کے علاوہ دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی کتابیں کم قیمتوں پر دستیاب رہتی ہیں۔.