بھارتی فلم انڈسٹری میں پنچم دا کے نام سے مشہور آر ڈی برمن کو یہ نام اس وقت ملا جب انہوں نے اداکار اشوک کمار کو موسیقی کے پانچ سرسارے گاماپا گا کر سنایا۔ نو برس کی چھوٹی سی عمر میں پنچم دا نے اپنی پہلی دھن 'اے میری ٹوپی پلٹ کے آ' بنائی۔
بعد ازاں ان کے والد سچن دیو برمن نے اس دھن کا استعمال 1956 میں ریلیز ہونے والی فلم فنٹوش میں کیا۔ علاوہ ازیں ان کی تیار کردہ دھن 'سر جو تیرا چکرائے' بھی گرودت کی فلم پیاسامیں استعمال کی گئی۔
آر ڈی برمن نے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد کے ساتھ بطور معاون موسیقار کے طور پر کیا۔ ان فلموں میں 'چلتی کا نام گاڑی( 1958) اور کاغذ کے پھول (1959)' جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔
بطور موسیقار انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز سال 1961 میں اداکار محمود کی فلم چھوٹے نواب سے کیا تھا لیکن اس فلم سے انہیں کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی۔