نئی دہلی: اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات Uttar Pradesh Assembly Elections میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی اورنئی حکومت کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ آج دوپہر غازی آباد کے ہنڈن ہوائی اڈے پر پہنچے اور وہاں سے دہلی میں بی جے پی کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش کے پاس ان کی رہائش گاہ 9 اشوکا روڈ پہنچے۔ اس کے بعد تین بجے نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات ہوئی۔
اس کے بعد وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سات لوک کلیان مارگ پر واقع ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے فوراً بعد انہوں نے بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔ وہ رات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
بی جے پی نے 37 سالہ پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے دوسری بار ریاستی اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ سمیت 11 وزراء کو شکست ہوئی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے اس دورے کا مقصد نئی حکومت کی تشکیل اور نوعیت کے بارے میں قومی قیادت سے بات چیت کرنا ہے۔