سماجوادی پارٹی کے قدآور رہنما اور ریاست اترپردیش کے رامپور کے رکن پارلیمان اعظم خاں کے ذریعہ قائم کی گئی جوہر یونیورسٹی کی 70 ہیکٹرز اراضی پر آخر کار ریاست کی یوگی حکومت نے قبضہ کر ہی لیا۔ قبضہ منتقل کرنے کی کارروائی کو بھی پورا کر لیا گیا ہے۔
رامپور سے رکن پارلیمان محمد اعظم خاں کے ذریعہ بنائی گئی محمد علی جوہر یونیورسٹی کی زمین پر اب یوپی حکومت نے قبضہ لے لیا ہے۔ یوپی حکومت کے ذریعہ یونیورسٹی کی 70 ہیکٹر زمین واپس لینے کی کارروائی پوری کرلی گئی ہے۔ یہ تب ہوا ہے جب یوپی حکومت کے ایکشن کے خلاف الٰہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی خارج کردی گئی۔
تحصیلدار پرمود کمار کے مطابق ہائی کورٹ نے زمین واپس لینے کے عمل سے متعلق درخواست خارج کر دی ہے، لہٰذا اب ہم زمین پر قبضہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت کے دوران اعظم خان نے عظیم مجاہد آزادی مولانا محمد علی جوہر کے نام پر محمد علی جوہر یونیورسٹی کو قائم کیا تھا لیکن ان کے اس خواب کو اقتدار میں تبدیلی ہوتے ہی نظر لگ گئی اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد اعظم خاں کے خلاف 100 سے زائد مقدمے درج کر دیئے گئے۔
اعظم خان کی عرضی الہ آباد ہائی کورٹ سے خارج ہونے کے بعد یونیورسٹی کی 70 ہیکٹر سے زیادہ زمین پر حکومت نے قبضہ کر لیا ہے۔ جوہر یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کے لئے ضلع انتظامیہ کی ٹیم جمعرات کو ہی وہاں پہنچ گئی تھی۔ اس دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود تھی۔ موجود افسر نے بتایا کہ اعظم خان کی ہائی کورٹ میں عرضی خارج ہو گئی تھی، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔