یادگیر: ریاست کرناٹک کی یادگیر ڈپٹی کمشنر سنیہل آر نے کہا کہ مظلوم خواتین اور خواجہ سرا تک سرکاری سہولیات بروقت پہنچائی جائیں تاکہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کی مخلصانہ کوششیں کی جاسکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے حکام کو ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بات ضلع ڈپٹی کمشنر آفس کے ہال میں منعقد مظلوم خواتین کی ضلع مشاورتی کمیٹی اور ٹرانس جینڈر کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم خواتین اپنے بچوں کو تعلیم سے محروم نہ رکھیں۔ تعلیم حاصل کرنا ہر ایک کا بنیادی حق ہے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت خواجہ سراؤں کی ترقی کے لیے ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں معاشرے میں باعزت مقام حاصل ہو اور وہ کمیونٹی میں انضمام ہو سکیں۔ مظلوم خواتین اور خواجہ سراؤں کے لیے مکانات کی تعمیر، ان کے تعلیم یافتہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا، ہنر مندی کے فروغ کے لیے تربیت کا اہتمام، چھوٹے کاروبار چلانے میں دلچسپی رکھنے والوں کو مدد فراہم کرنا، اسکول سے ڈراپ آوٹ ہونے والے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنا، پنشن اسکیم، زراعت، باغبانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ ضلع ڈپٹی کمشنرنے مشورہ دیا کہ محکمہ کے افسران کو آپس میں مل کر کام کرنا چاہیے۔