یوپی اے ٹی ایس کی لکھنؤ یونٹ نے مبینہ جبراً تبدیلی مذہب کیس میں عمر گوتم کی گرفتاری کے بعد یہ دعوی کیا تھا کہ اس کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔ تبھی سے یوپی اے ٹی ایس مسلسل مبینہ جبراً تبدیلی مذہب کے معاملے میں گرفتاریاں کررہی ہے۔
ہفتہ کے روز یوپی اے ٹی ایس کی ٹیم نے مہاراشٹر کے ناگپور سے مزید تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انہیں آج رات لکھنؤ لایا جائے گا جس کے بعد ہی تینوں افراد سے اے ٹی ایس ہیڈ کوارٹر میں پوچھ گچھ ہوگی۔
یوپی کے اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار کے مطابق جبراً تبدیلی مذہب کیس میں عمر گوتم کو پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سےصلاح الدین، عرفان شیخ، راہل، بھولا، مفتی جہانگیر عالم اور مننو یادو عرف عبد المنان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان تمام لوگوں سے ریمانڈ لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔
اس کے بعد اے ٹی ایس کی لکھنؤ ٹیم مہاراشٹر پہنچی اور وہاں سے کاؤرے عرف آدم، کوثر عالم اور ڈاکٹر ارسلان کو ناگپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔