پریاگ راج: امیش پال قتل معاملہ کے ملزم شوٹر وجے چودھری عرف عثمان کی بیوی نے یوگی حکومت اور یوپی پولیس پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور حکومت نے انکاؤنٹر نہیں بلکہ بدلہ لیا ہے۔ ان کے شوہر نے جس طرح سے امیش کا قتل کیا، اسی طرح حکومت اور پولیس نے بھی ان سے بدلہ لیا ہے جبکہ یہ معاملہ عدالت میں جانا چاہیے تھا۔ پریاگ راج میں ایک انکاؤنٹر میں مارے گئے ملزم شوٹر وجے چودھری کی بیوی سوہانی نے پولس انکاؤنٹر کو حکومت کی انتقامی کاروائی قرار دیا ہے۔ سوہانی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں اعتراف کیا کہ دو دن قبل ہونے والا انکاؤنٹر پولیس اور حکومت کا بدلہ تھا۔ یہ انصاف نہیں ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا شوٹر وجے چودھری اس کا شوہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے شوہر نے سرعام امیش کا قتل کیا تھا تو پولیس کو اسے پکڑ کر قانون کے ذریعے سزا دینی چاہیے تھی۔ قانون اس کے شوہر کو جو بھی سزا دیتا، وہ اسے قبول تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کو انکاؤنٹر میں مارنا غلط ہے۔ سوہانی کا کہنا ہے کہ پھانسی یا عمر قید یا عدالت جو بھی سزا دیتی وہ انہیں قبول تھی۔
الزام ہے کہ امیش پال قتل کیس میں پہلی گولی چلانے والا شوٹر وجے چودھری تھا۔ وہ 6 مارچ کو پریاگ راج میں پولیس کے ذریعہ ایک انکاؤنٹر میں مارا گیا۔ وجے چودھری کے انکاؤنٹر میں مارے جانے کے بعد ان کی اہلیہ نے حکومت پر الزام لگایا ہے۔ سوہانی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے تین لوگوں کو گولی مار کر غلطی کی۔ اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شوٹر اس کا شوہر وجے چودھری ہے۔ پولیس اور حکومت نے اس کے شوہر کا انکاؤنٹر کرکے بدلہ لے لیا ہے۔ پولیس اور حکومت کو انتقام نہیں لینا چاہیے تھا۔ اسے انصاف کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس کے شوہر نے تہرے قتل کا ارتکاب کیا تھا لیکن پولیس کو اسے انکاؤنٹر میں نہیں مارنا چاہیے تھا بلکہ پولیس اس کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی مار کر اسے پکڑ کر جیل بھیج دیتی۔ پھر اگر اسے عدالت سے پھانسی پر لٹکا دیا جاتا تو بھی افسوس نہیں ہوتا۔ عدالت اسے عمر بھر جیل میں رکھنے کی سزا سناتی تو بھی کوئی غم نہیں ہوتا لیکن پولیس نے جس طرح انکاؤنٹر کیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیس اور اس کے شوہر میں کوئی فرق نہیں ہے۔