بریلی:امیش پال قتل معاملہ کے ملزم للّا گدی نے پیر کو بریلی ایس او جی کے سامنے خودسپردگی کی۔ للّا گدی اور عتیق کے بھائی سمیت کئی افراد پر جیل میں غیر قانونی ملاقات کا بھی الزام ہے۔ الزام ہے کہ یہ لوگ جیل میں بیٹھ کر گواہوں، استغاثہ اور پولیس افسران کے قتل کی منصوبہ بندی کرتے تھے۔ پولیس کافی دنوں سے للّا گدی کی تلاش میں تھی۔ للّا گدی کی خودسپردگی کے بعد پولیس نے اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
بتادیں کہ سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کا بھائی اشرف گزشتہ ڈھائی سال سے ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہے۔ الزام ہے کہ اس دوران اشرف غیر قانونی طور پر پیسے اور دیگر سامان جیل پہنچانے کے لیے لوگوں سے ملتے تھے۔ اشرف سے ملنے آنے والے لوگ پولیس افسران، استغاثہ اور گواہوں کے قتل کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کرتے تھے۔ اس دوران وتھری چین پور تھانے کی پولیس کو اس کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد 7 مارچ کو پولیس نے کیس درج کیا اور جیل گارڈ شیوہری اوستھی اور ایک اور شخص کو گرفتار کرلیا۔