سندور:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی قیادت پر بھروسہ کریں اور اس سال کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو واضح مینڈیٹ دیں۔ انہوں نے شہر میں وجے سنکلپ سماویش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار مودی جی پر بھروسہ کریں۔ ایک بار یدی یورپا جی پربھروسہ کریں اور بی جے پی کو واضح مینڈیٹ دیں۔ ہم کرناٹک میں ایسی حکومت دیں گے جو پانچ سالوں میں کرناٹک کو بدعنوانی سے پاک کرے گی اور کرناٹک کو جنوبی ہند کی نمبر ون ریاست بنائے گی۔'
وہیں انہوں نے ملکارجن کھڑگے کی قیادت والی کانگریس اور جنتا دل (سیکولر) (جے ڈی ایس) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں میں کنبہ پروری ہے اور وہ اچھی حکمرانی نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی ہندوستان کو مضبوط بنا رہی ہے اور دوسری طرف راہل گاندھی ٹکڑے ٹکڑے گینگ سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔ کرناٹک واحد جنوبی ریاست ہے جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے اور پارٹی ریاست میں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔