یوگیندر یادو نے کہا کہ جوان کے ساتھ ساتھ کسان بھی یوم جمہوریہ کا جشن منائے گا۔ کسانوں کی اس پریڈ کا انعقاد آؤٹر رِنگ روڈ کا چکر لگا کر کیا جائے گا۔
انہوں نے پولیس انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ کسانوں کی ٹریکٹر ریلی میں خلل نہ ڈالیں۔
یوگیندر یادو نے کہا کہ یہ ٹریکٹر ریلی پر امن طریقے سے نکالی جائے گی اور اس کی وجہ سے یوم جمہوریہ پریڈ میں کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہر ٹریکٹر پر قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کسی بھی کسان تنظیم کا جھنڈا ہوگا۔ نیز کسی بھی سیاسی جماعت کے جھنڈے پر پابندی ہوگی۔
گزشتہ اتوار کے روز زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والی کسان تنظیموں نے کہا کہ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں اپنی مجوزہ ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔ انتظامیہ نے کسانوں کے مجوزہ ٹریکٹر مارچ یا اس طرح کے کسی دوسرے احتجاج کو روکنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے تاکہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔