کسان مرکز کے نئے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، کسانوں کے احتجاج کا آج 23 واں دن ہے۔ اب تک کسان اور حکومت کے مابین کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ حکمت عملی کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے سینیئر وکلاء سے ملاقات کریں گے۔
کسان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ مزید حکمت عملی طے کرنے سے قبل 'کولن گونزالفس' 'دشینت دوے اور پرشانت بھوشن جیسے وکلاء سے مشورہ کریں گے۔
خاص بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ متنازع زرعی قوانین پر تعطل ختم کرنے کے لیے زرعی ماہرین اور کسان تنظیموں کا ایک 'منصفانہ اور آزادانہ پینل' قائم کرنا چاہتا ہے۔ احتجاجی کسانوں نے عدم تشدد کیے جانے والے کسانوں کے مظاہرے کرنے کے حق کو قبول کرنے کے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، لیکن انہوں نے اس معاملے کی ٹھوس قرارداد آنے تک احتجاج جاری رکھنے پر زور دیا۔
اس کے ساتھ ہی مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں پر تینوں نئے زرعی قوانین پر الجھن پھیلانے کا الزام عائد کیا اور مشتعل کسانوں کو اس سفید جھوٹ سے بچنے کا مشورہ دیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام خدشات دور کرنے کو تیار ہے۔'
بائیں بازو کی جماعتوں کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی 1962 کی زبان بول رہے ہیں جسے انہوں نے اس وقت چین کے خلاف جنگ کے دوران استعمال کیا تھا۔ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کے تسلسل اور منڈی کے نظام کو مضبوط بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے، تومر نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی خود غرضی کے لیے تینوں زرعی قوانین کے خلاف پائے جانے والے الجھن سے بچیں۔