نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو کہا کہ بھارت کو اب دنیا میں خاص طور پر گلوبل ساؤتھ میں ایک قابل اعتماد اور مؤثر ترقیاتی شراکت دار کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے نو سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، جے شنکر نے کہا کہ دنیا خاص طور پر گلوبل ساؤتھ، بھارت کو ترقیاتی شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے۔ بھارت کی شبیہ ایک ایسے ملک کی بن رہی ہے جو زمین پر ترقیاتی منصوبوں کو نافذ کرتا ہے۔ دوسرے ممالک اب بھارت کو ایک قابل اعتماد اور موثر ترقیاتی شراکت دار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
جے شنکر قومی دارالحکومت کے سات پارلیمانی حلقوں میں سے چار میں وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مرکز کی کامیابیوں کے بارے میں بیداری مہم چلانے کا کام کر رہے ہیں۔ دراصل یہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کی ایک اہم مہم ہے۔ جے شنکر بی جے پی کی اس ماہ تک جاری رہنے والی مہم کا اہم چہرہ ہیں۔ اس دوران وہ نئی دہلی، جنوبی دہلی، شمال مغربی اور مغربی دہلی میں مہم کا حصہ بنیں گے۔ جمعرات کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ دنیا کا ایک بڑا حصہ ہمیں ترقیاتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔