بہار سمیت پورے ملک کے لیے ایک افسوسناک خبر ہے کہ ممتاز عالم دین، جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر و رحمانی 30 سمیت کئی اداروں کے سرپرست اعلیٰ، امیر شریعت امارت شریعہ حضرت مولانا سید ولی رحمانی اس دار فانی کو الوداع کہہ دیا ہے۔ انکی رحلت کی خبر ملتے ہی گیا اور اطراف کا ماحول غمگین ہوگیا۔
امیر شریعت کی رحلت سے پوری قوم سوگوار: چیئرمین وقف بورڈ - amir shariat
امیر شریعت امارت شریعہ بہار و اڑیشہ ، جھارکھنڈ اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا سید ولی رحمانی صاحب کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے پارس ہسپتال میں آخری سانس لی۔
گیا میں منعقد ہونے والی صوفی کانفرنس میں شرکت کے لئے پہنچے بہار وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد اللہ نے اس افسوسناک خبر کی اطلاع دیتے ہوئے اظہار تعزیت میں کہا کہ ملت کا ایک عظیم خسارہ ہوا ہے۔ ایک ایسی شخصیت ہمارے درمیان سے رخصت ہوئی ہے جو ملک وملت کی تعمیر وترقی اور ہر مسائل پر بے باکی سے اپنی بات رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انکے لیے یہ ذاتی نقصان بھی ہے۔ امیر شریعت نے انہیں بے پناہ محبتوں سے نوازا ہے۔
آج جس مقام پر ہیں وہ امیر شریعت حضرت مولانا ولی رحمانی کی دعاؤں کا اثر ہے۔ واضح ہوکہ گزشتہ ایک ہفتے سے امیر شریعت کی طبیعت ناساز تھی اور وہ پٹنہ کے پارس ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ چیئرمین ارشاد اللہ نے بتایا کہ تجہیز وتکفین کل خانقاہ رحمانیہ مونگیر میں ہوگی۔ ایک جنازہ کی نماز امارت شریعہ میں بھی ادا کی جائے گی۔