وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے باشندوں کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ ’دیپاولی کے مبارک موقع پر ملک کے باشندوں کو دلی مبارکباد، میری دعا ہے کہ یہ روشنی کا تہوار آپ سبھی کی زندگی میں سکون، خوشحالی اور خوش بختی لے کر آئے‘۔
بھارت کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے سبھی لوگوں کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔ ایس جے شنکر نے جمعرات کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ’دیوالی کے پاکیزہ موقع پر آپ سبھی کو ڈھیروں مبارکباد۔ امید کرتا ہوں کہ چراغوں کا یہ تیوہار سبھی کے لیے امن وسکون اور اعلیٰ صحت لائے‘۔
وہیں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ملک کے باشندوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار سب کی زندگی میں روشنی، خیر سگالی، خوش حالی اور سلامتی لے کر آئے اور نئے جوش و امنگ پید ا کرے۔
نائیڈو نے بدھ کو جاری ایک پیغام میں کہا کہ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جانے والی دیوالی کا تعلق چودہ سالہ جلاوطنی کے بعد سیتا اور لکشمن کے ساتھ شری رام کی اجودھیا واپسی سے ہے۔ بدی پر نیکی کی فتح کا مظہر یہ تہوار شری رام کی زندگی کے عظیم نظریات میں ہمارے ایقان کی تصدیق کرتا ہے۔