اسلامک نقطہ نظر سے شعبان کا مہینہ بڑے اہمیت کا حامل ہے۔ ماہ شعبان کی فضیلت قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ اس ماہ میں ایک ایسی رات ہے جس میں عبادت کرنے اور گناہوں سے توبہ استغفار سے اللہ رب العزت بندوں کے گناہوں کو معاف کرتا ہے اور رزق میں وسعت دیتا ہے۔ اس رات کو شب برات کہا جاتا ہے۔
شب برات کی اہمیت و فضیلت پر اللہ کے رسول نے ارشاد فرمایا کہ شب برات کے موقع پر عبادت کرنے والے شخص کے گناہوں کی معافی ہوتی ہے۔ اگرچہ اس کے گناہ بنو کلب کی بکریوں کے بال سے بھی زیادہ ہوں۔ حدیث شریف میں بکریوں کے بال کا ذکر ہے جس کا مقصد واضح طور کثرت بیان کرنا ہے کہ گناہوں کی تعداد اگرچہ بہت ہو لیکن اگر شب برات میں عبادت کرتا ہے تو اس کی عبادت نہ صرف قبول ہوتی ہے بلکہ گناہوں سے بھی نجات ملتی ہے۔ احادیث میں ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس مہینے میں کثرت سے روزے رکھا کرتے تھے۔
اس رات میں صلوۃ التسبیح پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے۔ جن لوگوں کی فرض نمازیں قضا ہیں وہ نفل نماز کی جگہ فرض نماز کی نیت کر کے پوری رات نفل نماز کے بجائے فرض نماز ادا کرنے کو ترجیح دے اور اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگے۔