پٹنہ: بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے ڈی ایم کے ایم پی دیاندھی مارن کے مبینہ متنازعہ ویڈیو کی مذمت کی ہے۔ جس ویڈیو میں دیاندھی مارن نے مبینہ طور پر کہا کہ ہندی اسٹیٹ کے لوگ تمل ناڈو میں بیت الخلا صاف کرتے ہیں اور دیگر معمولی کام کرتے ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ اس بیان کی مذمت کی جانی چاہئے اور کسی بھی لیڈر کو ایسے بیانات نہیں دینا چاہئے جس سے دوسری ریاستوں کے لوگوں کی توہین ہو۔ بہار اور یوپی کے لوگوں کے بارے میں ایسی باتیں کہنا بہت غلط ہے۔
انھوں یہ بھی کہا کہ ڈی ایم کے ایم پی کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ یہ ملک ایک ہے اور کوئی بھی کہیں بھی جا کر کام کر سکتا ہے۔ جس طرح ہم دوسری ریاستوں کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں، ہم بھی اسی کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم سب کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔
تجسوی یادو نے مزید کہا کہ کرونا ندھی جی کی پارٹی ڈی ایم کے سماجی انصاف پر یقین رکھتی ہے۔ لیکن کروناندھی جی کی پارٹی کے لیڈر کا بہار اور یوپی کے لوگوں کے بارے میں توہین آمیز بات کرنا غیر مناسب ہے۔ ہم اس کی حمایت نہیں کرتے۔ پورے ملک میں بہار اور یوپی کے مزدوروں کی مانگ ہے۔ اگر یہی لوگ دوسری ریاستوں میں کام پر نہیں جائیں گے تو ان ریاستوں کے لوگوں کی زندگیاں ٹھپ ہو جائے گی، تمام لیڈوروں کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ڈی ایم کے لیڈر نے ذات پات کی عدم مساوات کی نشاندہی کی ہوتی یا اس بات کا ذکر کیا ہوتا کہ ایک خاص سماجی گروپ کے لوگ معمولی ملازمتوں میں مشغول ہوتے ہیں تو یہ سمجھ میں آتا۔ لیکن، ڈی ایم کے ایم پی نے خاص طور پر بہار اور یوپی کے لوگوں کا ذکر کیا جو کہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔