ریاست اترپردیش میں ضلع بریلی کے فتح گنج مشرقی علاقے کے بہرہ پڈھیرا گاؤں کے رہنے والے سعید خان کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کی ہے۔ پولیس نے ان کی دو مارکیٹ اور مکان کو سیل کر دیا ہے۔
اب تک پولیس کو سعید خان اور اس کے دیگر 9 ساتھیوں کی 51 کروڑ روپے کی غیر قانونی جائیدادوں کی تفصیلات مل چکی ہیں۔
بریلی میں سمیک سمگلر کنگ ( Smack smugglers king) کے نام سے مشہور سعید خاں کی کروڑوں روپیہ قیمت کی مارکیٹ اور مکان کو پولیس نے سیل کر دیا ہے۔ سعید خاں کے ساتھی معراج کے خلاف بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مکان اور مارکیٹ کو سیل کیا ہے۔
پولیس محکمہ کے ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان کے مطابق شناخت کی گئی 33 غیر قانونی جائیدادوں میں سے پولیس نے اب تک بیس جائداد پر کارروائی کی ہے، جبکہ باقی 13 جائدادوں کو سیل کرنے کی کارروائی بھی جلدی ہی عمل میں لائی جائےگی۔
پولیس نے سعید خان کی مارکیٹ اور مکان کو سیل کر دیا
بریلی میں گزشتہ تین ماہ میں سمیک اسمگلروں (Smack smugglers) کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کی 33 غیر منقولہ جائیدادوں کو نشان زد کیا گیا تھا۔
سفیما کے تحت 17 غیر منقولہ جائیدادوں کو مسمار کرنے اور سیل کرنے کی کارروائی پہلے ہی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ اب پولیس نے فریدپور تحصیل کے سامنے سمیک سمگلر پڈھیرا کے سرغنہ سعید خان کے گھر اور مارکیٹ کو سیل کر دیا۔
مزید پڑھیں:۔سہارنپور: دو اسمگلر سمیت 6 ملزمین گرفتار
اس کے ساتھ ہی پولیس نے اسمگلر معراج کی مین روڈ پر بنی ”برکاتی مارکیٹ“ کو بھی سیل کر دیا۔ برکاتی مارکیٹ میں کئی دکانیں ہیں، جن میں بہت سی چیزوں کا کاروبار ہو رہا ہے۔ اس مارکیٹ میں کئی دکاندار ہیں اور وہ روزمرہ کی اشیاء کی خرید فروخت کرتے ہیں۔
پولیس نے ان تمام دکانداروں کو دکانیں خالی کرنے کے لئے کہہ دیا ہے۔ کچھ لوگوں نے مارکیٹ مسمار کیے جانے کے خوف سے مارکیٹ خالی بھی کر دی اور کچھ دکانداروں نے کچھ روز کی مہلت مانگی ہے۔ پولیس نے پورے برکاتی مارکیٹ کو سیل کر دیا۔
کچھ روز بعد سمگلر سعید خان اور سمگلر معراج کی دونوں مارکیٹ کو مسمار کر دیا جائے گا۔ پولیس نے پڈھیرا، ٹسوا اور فریدپور میں سمگلروں کی جائیدادوں کو سیل کر دیا ہے، لیکن 13 جائیدادیں ابھی باقی ہیں، جن میں پڈیرا، ٹسوا اور فرید پور کی جائیدادیں شامل ہیں، جسے پولیس ٹیم پہلے سیل کرنے کی کارروائی کرے گی اور پھر ضلع انتظامیہ کی ہدایات اور احکامات کے بعد مسمار کر دیا جائےگا۔