معروف مضمون نگار مولانا محمد شارب ضیاء رحمانی کی اہم تحقیقی کتاب " حضرت مولانا محمد علی مونگیری اور تعلیمی اصلاحات" کا اجراء امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نومنتخب امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی اور قاضی شریعت مولانا انظار عالم قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس موقع پر امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے تحقیقی علمی کام کو سراہتے ہوئے شارب ضیاء رحمانی کو مبارکباد پیش کی. امیر شریعت نے کہا کہ بزرگوں کی تعلیمی پالیسیوں کو سامنے رکھتے ہوئے مضبوط اور منضبط اقدامات کئے جاسکتے ہیں، اس طرح کی تحقیقی خدمت سے نئے زاویے کے ساتھ سوچنے کا موقع ملے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہا کہ مناسب وقت پر درست علمی اقدام لیے یہ کتاب نہایت مفید ہے، میں نے کتاب کو پڑھا ہے، بڑی محنت سے شارب ضیاء رحمانی نے کام کی چیزیں جمع کردی ہیں۔