ریاست مدھیہ پردیش کے سینئر کانگریس رہنماء اور سماجی کارکن منور کوثر نے تریپورہ معاملہ ( tripura violence) پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پچھلے کچھ دنوں سے مسلسل سوشل میڈیا پر دیکھ رہا ہوں، سمجھ رہا ہوں اور پڑھ رہا ہوں کہ تریپورہ میں مسلمانوں پر زیادتی کی جارہی ہے۔ وہاں کی 20 سے 25 مساجد کو آگ لگا دی گئی۔ سینکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں کی دکانوں اور مکانات کو آگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں موٹرسائیکل اور کاروں کو نذر آتش کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تریپورہ میں دہشت پھیلانے والوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، وہاں کا انتظامیہ ان کے ساتھ ہے۔ وزیر اعلی خاموش تماشائی بنے سب کچھ دیکھ رہے ہیں ۔ ہمارے ملک کے امن پسند لوگ جن میں ہندو و مسلمان شامل ہے وہ اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔