نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سوموار کو بی جے پی رہنما اور سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین کی ایک درخواست کو خارج کر دیا جس میں ایک خاتون کی عصمت دری کے الزام کے سلسلے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس ایس رویندر بھٹ اور دیپانکر دتا کی بنچ نے حسین کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل سے کہا، "آئیے ایک منصفانہ تحقیقات کریں اور اگر الزام ثابت نہیں ہوا تو پھر شہنواز کو بری کردیا جائیگا۔
شہنواز حسین کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی اور سدھارتھ لوتھرا نے بنچ کو بتایا کہ شکایت کنندہ خاتون کی جانب سے سیاستدان کے خلاف شکایات درج کرائی گئی تھی۔ روہتگی نے دلیل دی شکایات کے بعد پولیس نے اس معاملہ کی چھان بین کی تاہم انہیں کچھ نہیں ملا۔ روہتگی نے یہ دلیل دی شہنواز حسین کے خلاف مسلسل الزام عائد کیا جارہا تھا۔ تاہم بنچ نے کہا کہ ہمیں اس معاملہ مداخلت کرنے کی کوئی وجہ نہیں ملتی ہے۔
ہائی کورٹ نے گزشتہ سال 17 اگست کو شہنواز حسین کی اس درخواست کو خارج کر دیا تھا جس میں ٹرائل کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں دہلی پولیس کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، سپریم کورٹ نے 22 اگست 2022 کو ہائی کورٹ کے حکم کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ عدالت عظمیٰ کے سامنے اس معاملے کی ابتدائی سماعت کے دوران حسین کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ شکایت "بوگس" اور "بد نیتی پر مبنی" تھی۔