نئی دہلی /سلچر:وزیر برائےوزارت آیوش ووزارت بندرگاہ، جہاز رانی و آبی وسائل، سربانند سونووال نے ویٹرنری بازار، گھنگور، سلچر، آسام میں ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (آرآرآئی یوایم)، سلچر کا آج افتتاح کیا۔
پریمل سکلبیدیا، وزیرٹرانسپورٹ، فشریز و ایکسائز، حکومت آسام، ڈاکٹر راجدیپ رائے، رکن پارلیمنٹ، سلچر، کِرپاناتھ ملاح، رکن پارلیمنٹ، کریم گنج، میہر کانتی شوم، رکن اسمبلی، ادھربونڈ، امین الحق لسکر، سابق رکن اسمبلی، سونائی، پرمود کمار پاٹھک، اسپیشل سکریٹری، وزارت آیوش، حکومت ہند، روہن کمار جھا، ڈپٹی کمشنر، کچھار، سلچر اور پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آریوایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند بھی اس موقع پرشریک ہوئے۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربانند سونووال نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آیوش نظام تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نمایاں مقام حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرآرآئی یوایم، سلچر 50 بستروں کے اسپتال کے ساتھ آسام کے لوگوں کی صحت کی دیکھ بھال کی ضروریات پوری کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسام کی پہاڑیوں اور جنگلات میں دوائی جڑی بوٹیوں اور پودوں کی بہت اقسام موجود ہیں اور یہ ادارہ ان وسائل کو بنی نوع انسان کے فائدے کے لئے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ طب یونانی میں دیگر تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ دے گا۔
پریمل سکلبیدیا نے کہا کہ بشمول طب یونانی روایتی طبی نظام نے عالمی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کی ضروریات پوری کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ طب یونانی اس خطہ میں صحتی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرنے جارہی ہے۔
ڈاکٹرراجدیپ رائے نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند دیسی طبی نظام کی ترقی پرخاص توجہ دے رہی ہے اور تقریبا پنتالیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر یہ انسٹی ٹیوٹ اس سمت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ کِرپاناتھ ملاح نے کہا کہ طب یونانی ہمارے صحتی دیکھ بھال کے نظام کا ایک لازمی حصہ ہے اور یہ خطے میں تحقیق کے ساتھ ساتھ صحت کی خدمات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرنے جارہی ہے۔