نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم دفتر کے ایک سرکاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے متعدد امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور حال ہی میں جوہانسبرگ میں ختم ہونے والی برکس سربراہی کانفرنس سمیت باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران صدر پوتن نے 9 اور 10 ستمبر 2023 کو نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں اپنے عدم شرکت سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ روس کی نمائندگی ان کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ روس کے اس فیصلے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بھارت کی جی 20 صدارت کے تحت تمام اقدامات کے لیے روس کی مسلسل حمایت کے لیے صدر پوتن کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔