نئی دہلی: دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ منگل کو منیش سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرے گی۔ یہ سماعت سی بی آئی کی طرف سے ایکسائز پالیسی بدعنوانی معاملہ میں درج کیس میں ہوگی۔ اس معاملے میں ضمانت کی درخواست خصوصی سی بی آئی جج ایم کے ناگپال کی عدالت میں دلائل کے لیے درج ہے۔ قبل ازیں منیش سسودیا نے ٹرائل کورٹ میں اپنی ضمانت کی عرضی میں کہا تھا کہ انہیں حراست میں رکھ کر کوئی بامعنی مقصد پورا نہیں کیا جائے گا کیونکہ تمام برآمدگی پہلے ہی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی بی آئی کی طرف سے طلب کیے جانے کے بعد تحقیقات میں شامل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سسودیا نے عرضی میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کے اہم آئینی عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور سماج میں ان کا کافی اثر و رسوخ ہے۔
اس معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ گرفتار دیگر ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے پیر کو اس معاملے میں سسودیا کی عدالتی حراست میں 14 دن کی توسیع کر دی ہے۔ اس لحاظ سے سسودیا کو 3 اپریل تک جیل میں رہنا پڑے گا۔ فی الحال سسودیا 21 مارچ تک ای ڈی کے ریمانڈ پر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ای ڈی نے ایکسائز پالیسی بدعنوانی معاملے میں سسودیا کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد ای ڈی بدھ کو سسودیا کو عدالت میں پیش کرے گی۔