گزشتہ دنوں نیشنل ٹیسٹینگ ایجنسی کی جانب سے لیئے جانے والے ڈگری سطح کے قومی اہلیت نیٹ داخلہ امتحان کے نتیجہ کا اعلان کیا گیا۔ ملک بھر سے لاکھوں طلبہ نے اس امتحان میں شرکت کی، اس امتحان میں ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع ہزار کھولی علاقے سے تعلق رکھنے والے طالب علم شاہ تابش نے نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔ شاہ تابش کو نیٹ جیسے اہم طبی داخلہ امتحان میں 720 میں سے 670 نمبرات حاصل ہوئے اور انہوں نے آل انڈیا 1563 پاسنگ رینگ حاصل کرتے ہوئے پورے شہر کا نام روشن کیا۔
اس سلسلے میں شاہ تابش نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ان کے بڑے ابو کے دونوں بیٹے طبی شعبے سے منسلک ہے اور انہیں شروع سے ہی طبی شعبہ میں دلچسپی تھی۔ تب ان کے بڑے ابو عبدالخالق اور بھائیوں کے مشورے پر انہوں نے شاہین اکیڈمی میں داخلہ لیا۔
رکشہ ڈرائیور کا بیٹا شاہ تابش نے نیٹ امتحان میں نمایا کامیابی حاصل کی مزید پڑھیں:۔مزدور کی بیٹی نے نیٹ کوالیفائی کیا
شاہ تابش نے کہا کہ اس امتحان کو کامیاب کرنے کیلئے ان کے اساتذہ کی رہنمائی کے علاوہ وہ خود کئی کئی گھنٹے پڑھائی کیا کرتے تھے۔ دوران گفتگو شاہ تابش نے بتایا کہ ان کے والد عبدالرحیم پیشے سے رکشہ ڈرائیور اور گاڑیوں کی سروسنگ کرتے ہیں۔
ان کے والد عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ تابش کی قابلیت پر انہیں پورا بھروسا تھا اور انہوں نے اپنی محنت سے یہ بھروسہ قائم رکھا۔ کم وسائل کے باوجود اپنے شوق اور جدو جہد سے اس امتحان میں کامیابی حاصل کرکے دیگر نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ تابش کی پیدائش 26 جون 2003 کو ہزار کھولی مالیگاؤں میں ہوئی اور ابتدائی تعلیم شیخ عبدالودود پرائمری اسکول سے حاصل کی، بعد ازاں پانچویں جماعت سے دسویں جماعت تک کی تعلیم اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج سے مکمل کی اور زری والا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری شاہین اکیڈمی سے گیارہویں اور بارہویں کی تعلیم سائنس شعبے سے مکمل کی جبکہ نیٹ امتحان کی تیاری بھی شاہین اکیڈمی اور وہاں کے اساتذہ کی رہنمائی میں مکمل کی۔