سابق وزیر صحت ای راجندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے نام پر انتخابات میں کامیابی کی بات کی جاتی ہے تو وہ اس کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ حضور آباد کے ان عوام کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ہی اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جنہوں نے ان کی تقریباً 19 برس حمایت کی تھی۔
سابق وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو یہ سمجھنا چاہئے کہ انسانی اقدار اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان کے خلاف عائد کردہ فرضی معاملات پر گرفتاری سے بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔ راجندر نے کہا کہ جب گینگسٹر نعیم نے ان کو دھمکایا تھا تو اُس وقت بھی وہ خوفزدہ نہیں ہوئے۔ نعیم نے ان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت ان پر اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کا جھوٹا پروپگنڈہ کررہی ہے۔