دہلی:کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل اتوار کو اپنے امریکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں ایک پروگرام میں شرکت کریں گے اور 29-30 مئی تک ہندوستانی تارکین وطن سے ملاقات کریں گے۔راہل گاندھی 30 مئی کو کیلیفورنیا کے سانتا کلارا میں محبت کی دکان لگائیں گے۔ راہل گاندھی کے پروگرام کو محبت کی دُکان کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
انڈین اوورسیز کانگریس کے سکریٹری وریندر وششٹھ نے بتایا کہ سیم پتروڈا کی قیادت میں، ہم انڈین اوورسیز کانگریس کے کارکنان امریکہ میں ہمارے پیارے لیڈر راہول گاندھی کے زبردست استقبال کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، آئی او سی کے یو ایس اے ونگ کے صدر موہندر سنگھ گلزیان اور جارج ابراہیم آئی او سی ٹیم کے ساتھ ہندوستانی تارکین وطن کو بھی تحریک دے رہے ہیں۔
راہل گاندھی کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ریاستی دورہ امریکہ سے پہلے ہو رہا ہے۔ پی ایم مودی 22 جون کو امریکہ کے دورے پر جا رہے ہیں۔ اس دوران امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نے پی ایم مودی کے استقبال کے لیے وائٹ ہاؤس ڈنر کا اہتمام کیا۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے ایک بیان جاری کرکے اس کی جانکاری دی تھی۔