نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی ہتک عزت کیس میں دو سال کی سزا کو چیلنج کریں گے۔ وہ پیر کو گجرات پہنچیں گے اور سورت کی سیشن کورٹ میں اپیل کریں گے۔ 11 دن پہلے انہیں 'مودی کنیت' کے تبصرہ پر سزا سنائی گئی تھی۔ یہ تبصرہ راہل گاندھی نے کرناٹک میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راہل نے اس معاملہ میں معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم ہو گئی ہے اور انہیں سرکاری بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس بھی ملا ہے۔
پیوپلز پرزنٹیشن ایکٹ میں یہ شق ہے کہ اگر کسی بھی رکن پارلیمان یا ایم ایل اے کو دو سال یا دو سال سے زیادہ کی سزا ہو تو اس کی رکنیت خود بخود ختم ہو جاتی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق راہل گاندھی پیر کو 12.30 بجے سورت کورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ وہ سی جے ایم عدالت کے فیصلے کے خلاف ضلعی عدالت میں اپیل کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر کانگریس کے ہزاروں کارکن عدالت کے باہر موجود رہیں گے۔ وہ راہل گاندھی کا استقبال کریں گے۔ گجرات کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ ان کے وکلاء نے بتایا کہ جو بھی دستاویزات تیار کرنے تھے، وہ تیار کر لیے گئے ہیں۔