ریاست اترپردیش کے ضلع آگرہ کے جگدیش پورہ تھانے کے ملخانہ سے 25 لاکھ روپے کی چوری کے الزام میں صفائی ملازم ارون کی پولیس حراست میں موت ہوگئی جس کے بعد یوپی کی سیاست گرم ہوگئی ہے۔ اس سے قبل بدھ کی رات عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ متوفی کے خاندان سے ملنے آگرہ آئے تھے۔ بعد ازاں کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بدھ کی رات تقریبا 10:45 بجے آگرہ پہنچیں، جنہوں نے متوفی ارون کمار کی ماں کملا دیوی اور بیوی سونم سے تقریبا 25 منٹ تک بات کی۔
پرینکا گاندھی نے انہیں یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ ای ٹی وی بھارت نے متوفی ارون کی والدہ کملا دیوی، بیوی سونم اور بھائی کے ساتھ خصوصی بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ پرینکا دیدی نے انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن مالی مدد کے ساتھ ساتھ انصاف بھی ملنا چاہیے۔
متوفی ارون کی بیوی سونم نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے ان سے بات کی اور کہا کہ وہ مالی مدد فراہم کریں گی۔ سونم کا کہنا ہے کہ گفتگو میں پرینکا گاندھی نے میرے بچوں کے بارے میں دریافت کیا۔ میری دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ دیدی نے بیٹیوں کی شادی کے اخراجات کے بارے میں کہا ہے اور انہوں نے مجھے بہت سمجھایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم آپ کو قانونی مدد بھی دیں گے۔