نئی دہلی: ملک بھر میں آج مہاشیو راتری منائی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاشیو راتری کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں مودی نے کہا کہ مہا شیوراتری پر تمام ہم وطنوں کو نیک خواہشات۔ ہر ہر مہادیو!۔ مہاشوراتری کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند مختلف دریاؤں میں مقدس ڈبکی لگا رہے ہیں اور شیو کی پوجا کر رہے ہیں۔
انتظامیہ نے شیومندروں اور سنگم میں آج کے اسنان کے لئے خاطر خواہ بندوبست کئے ہیں، جو ماگھ میلے کے اختتام کی علامت بھی ہے۔ وہیں کاشی وشوناتھ مندر سمیت دیگر جگہوں پر عقیدت مند ہر ہر مہادیو اور جے شیو شمبھوکا جاپ کرتے ہوئے شیو کی پوجا کررہے ہیں۔ وارانسی کے مشہور کاشی وشو ناتھ مندر میں آدھی رات سے ہی اُن عقیدت مندوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی جاسکتی ہیں، جو اس مقدس موقع پر شیو کی پوجا کے لئے ملک بھر سے وہاں پہنچے ہیں۔