نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو مہاویر جینتی کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی۔ مرمو نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’میں ملک کے تمام لوگوں خاص طور پر جین برادری کو مہاویر جینتی کی تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ بھگوان مہاویر نے سچائی اور عدم تشدد کا درس دے کر انسانیت کا راستہ دکھایا۔ تمام اہل وطن کو چاہیے کہ وہ عدم تشدد کی راہ پر چلیں، جانوروں کے تئیں ہمدردی رکھنے اور فطرت کی حفاظت کا عہد کریں۔ اپنے پیغام میں نائب صدر جگدیپ دھنکھرڑ نے کہا ’’بھگوان مہاویر کی تعلیمات ہمیں پاکیزگی، رحم دلی اور راست بازی کی زندگی گزارنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ آئیے ہم خود کو بھگوان مہاویر کے آدرشوں کے لیے وقف کریں اور ہمدردی، رحم دلی اور سچائی پرر چلنے والی دنیا کی تعمیر کے لیے کام کریں۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی لوگوں کو مبارکباد دی اور ٹویٹ کیا ’’آج ایک خاص دن ہے، جب ہم بھگوان مہاویر کی عظیم تعلیمات کو یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک پرامن، ہم آہنگ اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کا راستہ دکھایا۔ ان سے متاثر ہو کر، ہم ہمیشہ دوسروں کی خدمت کریں اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں‘‘۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بھی بھگوان مہاویر کی جنیتی پر لوگوں کو مبارکباد دی۔