بھونیشور: صدر دروپدی مرمو جمعرات کو فضائیہ کے ایک خصوصی طیارے سے اڈیشہ کے دو روزہ دورے پر پہنچیں۔ مرمو کے استقبال کے لیے بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اڈیشہ کے گورنر پروفیسر گنشی لال، وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، بی ایم سی کی میئر سلوچنا داس، چیف سکریٹری ایس سی موہا پاترا، ڈی جی پی سنیل بنسل اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ یہاں سے صدر مملکت گیان پربھا مشن کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کے لیے ریاستی دارالحکومت کے اتکل منڈپ کے لیے روانہ ہوئیں۔ تقریب میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے۔
پروگرام کے اختتام کے بعد مرمو شام میں یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن میں شرکت کے لیے راما دیوی ویمنس یونیورسٹی جائیں گی۔ وہ رات گورنر ہاؤس میں آرام کریں گی۔ وہیں 11 فروری کو صبح تقریباً 9 بجے صدر لنگراج مندر جائیں گی اور بھگوان شیو کی پوجا کریں گی۔ ان کے درشن کے دوران مندر میں 30 منٹ تک عقیدت مندوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ اس کے بعد وہ آئی سی اے آر-نیشنل رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں دوسری انڈین رائس کانگریس کا افتتاح کرنے کے لیے کٹک جائیں گی اور دوپہر کو دہلی واپس لوٹ جائیں گی۔