نئی دہلی:کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ ایودھیا میں نامکمل رام مندر میں پران پرتشٹھا کا پروگرام عام انتخابات کے پیش نظر سیاسی عزائم کے ساتھ کیا جا رہا ہے اور بھگوان رام کے مندر کے افتتاح کے پروگرام کو مذہبی نہیں، بلکہ سیاسی پروگرام بنا دیا گیا ہے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج پون کھیڑا اور ترجمان سپریہ سرینیت نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ایودھیا میں رام مندر کا 22 جنوری کو افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مذہبی پروگرام ہوتا تو آدھے ادھورے مندر میں بھگوان رام کی تقدیس کا پروگرام نہ ہوتا اور سیاسی پروگرام بنا کر مندر کا افتتاح نہ کیا جاتا۔
کھیڑا نے کہا کہ ’’کسی بھی مندر کی تقدیس کے لیے اصول و ضوابط ہوتے ہیں، مذہبی صحیفے ہوتے ہیں۔ چاروں پیٹھوں کے شنکراچاریہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایک نامکمل مندر کی تقدیس نہیں کی جا سکتی۔ ایسے میں یہ پروگرام مذہبی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔ ہم یہ برداشت نہیں کریں گے کہ کسی سیاسی جماعت کے کارکنان کسی سیاسی پروگرام میں میرے اور میرے بھگوان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کریں۔