پولیس کے روکنے پر مشتعل قافلے نے پولیس کی بیریکیٹنگ توڑ دیں۔ اس دوران کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو اور پولیس کے درمیان کافی نوک جھونک ہوئی۔ موصولہ معلومات کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کو پولیس لائن لے جایا جارہا ہے۔
غور طلب ہے کہ پنجاب کانگریس کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو نے کسان کنبوں کا درد بانٹنے کے لئے لکھیم پوری روانہ ہونے سے قبل آج دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ اگر کسانوں کو گاڑی سے کچل کر مارنے والے مرکزی وزیر کے بیٹے کو گرفتار نہیں کیا گیا تو میں وہیں بھوک ہڑتال پر بیٹھ جاؤں گا۔
سدھو پرجوش نظر آرہے تھے کیونکہ وہ کسانوں کے کنبوں سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتے تھے۔ تشدد کے دوران زخمی ہوئے کسانوں سے بھی ملاقات کرنے کا ان کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد مرکزی وزیر کے لاڈلے کی گرفتاری نہ ہوئی تو وہ وہیں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔