تیز پور:منی پور میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی تشدد نہیں ہوا ہے، لیکن حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ منی پور پولیس نے یہ اطلاع دی۔ پولیس نے مزید کہا کہ پیر سے قومی شاہراہ 37 (A) پر مال گاڑیوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق بیشتر اضلاع میں معمولات زندگی پٹری پر لوٹ آئے ہیں۔ ریاستی پولیس اور مرکزی سکیورٹی فورسز ریاست میں مسلسل گشت، فلیگ مارچ اور تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی اور وادی دونوں اضلاع کے دور دراز علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پولیس اور مرکزی سکیورٹی فورسز نے امپھال ویسٹ، کاکچنگ، کانگ پوکپی اور چورا چاند پور اضلاع کے سرحدی علاقوں میں تلاشی مہم چلائی اور منی پور کے مختلف اضلاع میں تقریباً 110 مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں کرفیو کے درمیان ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر پولیس نے خاص طور پر پہاڑی اور وادی کے علاقوں میں 185 افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب قومی شاہراہ 37 سے ضروری سامان کی نقل و حرکت بحفاظت جاری ہے۔ منگل کو جیریبام سے سامان لے جانے والی کل 300 گاڑیاں اور نونی سے 356 گاڑیاں دارالحکومت امپھال کے لیے روانہ ہوئیں۔