نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو دولت مشترکہ کھیل 2022 سے واپس آنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ 'گزشتہ چند ہفتوں میں ملک نے کھیل کے شعبوں میں دو بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں تاریخی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ملک نے پہلی بار شطرنج اولمپیاڈ کا انعقاد کیا ہے۔ ہم نے شطرنج میں اپنی بہترین روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف انعقاد کیا بلکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔ میں ان لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے کامن ویلتھ گیمز کے ساتھ ساتھ اولمپیاڈ میں بھی تمغے جیتے ہیں۔ PM Modi Meets CWG 2022 Medal Winners at His Residence
انہوں نے کہاکہ 'جن لوگوں نے تمغے جیتے اور جو مستقبل میں تمغے جیتنے والے ہیں، وہ بھی آج تعریف کے مستحق ہیں۔' کامن ویلتھ گیمز 2022 انگلینڈ کے ویسٹ مڈلینڈ ریجن کے شہر برمنگھم میں منعقد ہوئے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چار گھنٹے سے زائد کا فرق ہے جس کی وجہ سے تقریب بھارتی وقت کے مطابق رات گئے تک جاری رہی۔
مودی نے کہاکہ "جب آپ سب وہاں مقابلہ کر رہے تھے، کروڑوں ہندوستانی ہندوستان میں 'رتجگا' کر رہے تھے۔ رات گئے تک اہل وطن کی نظریں آپ کے ہر عمل پر لگی تھیں۔ کتنے لوگ جا کر بار بار اسکور چیک کرتے تھے۔ کھیلوں کی طرف رغبت بڑھانے میں آپ سب کا کردار ہے اور آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ’’اس بار صرف تمغوں کی تعداد سے ہماری کارکردگی کو ایمانداری سے پرکھنا درست نہیں ہے۔ ہمارے کئی کھلاڑیوں نے کانٹے دار مقابلہ کیا جو کسی تمغے سے کم نہیں۔ ہم اس 0.1 سینٹی میٹر، 0.1 سیکنڈ کے فرق کو درست کریں گے۔ یہ میرا آپ پر یقین ہے۔'