نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بینجامن نیتن یاہو سے فون پر بات کی اور دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی صلاحیت پر اتفاق کیا۔ اسرائیل کے تجربہ کار رہنما کے تقریباً دو ہفتے قبل چھٹی مدت کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے بعد مودی اور نیتن یاہو کے درمیان یہ پہلی فون پر بات چیت تھی۔
مودی نے ٹویٹ کیا کہ اپنے اچھے دوست نیتن یاہو کے ساتھ بات کر کے خوشی ہوئی۔ انہیں ان کی شاندار انتخابی جیت اور ریکارڈ چھٹی مرتبہ وزیر اعظم بننے پر مبارکباد بھی دی۔اور اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کیا کہ ہمیں ایک ساتھ بھارت اسرائیل اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کا ایک اور موقع ملے گا۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق بات چیت کے دوران مودی نے نیتن یاہو کو جلد از جلد بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
پی ایم او نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ برسوں میں بھارت اسرائیل اسٹریٹجک شراکت داری میں تیزی سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت پر اتفاق کیا۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے اس سے قبل 29 دسمبر کو بھی نیتن یاہو کو ایک ٹویٹ کے ذریعے اسرائیل کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں۔