وزیر اعظم مودی نے اتوار کو آکاشوانی پر اپنے ماہانہ پروگرام 'من کی بات' کے 75ویں ایڈیشن میں ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کی وبا سے نمٹنے کےلئے کورونا ویکسین کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔
ملک میں کووڈ-19 کا ٹیکہ لگانے کی مہم چل رہی ہے جو دنیا میں سب سے بڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی اہل افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگوانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی وبا سے نمٹنے کے ضابطوں جیسے ماسک پہننا، دو گز کی دوری رکھنا اور بار بار ہتھا دھونے پر عمل کرنا چاہئے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ، 'پچھلے سال یہ مارچ کا ہی مہینہ تھا ،ملک نے پہلی بارجنتا کرفیو لفظ سنا تھا۔ لیکن اس عظیم ملک کی عظمت عوام کی طاقت کا تجربہ دیکھئے، جنتا کرفیو پوری دنیا کے لئے حیرت کی بات بن گئی تھی۔ ڈسپلن کی یہ انوکھی مثال تھی، آنے والی نسلیں اس بات پر ضرور فخر کریں گی۔'
انہوں نے کہا، 'کورونا سپاہیوں کے تئیں عزت و احترام ،تھالی بجانا،تالی بجانا،دیا جلانا۔ آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ کورونا سپاہیوں کے دل کو کتنا چھو گیا تھا اور وہی تو وجہ ہے،جو پورے سال بھر،وہ بغیر رکے،تھکے ،ڈٹے رہے۔ ملک کے ایک ایک شہری کی جان بچانے کےلئے جی جان سے لگے رہے۔'