نئی دہلی: بھارت اس وقت پٹرول اور ڈیزل کے بحران کا سامنا کررہا ہے حالانکہ کسی سرکاری اندازے نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ راجستھان، آندھرا پردیش، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، گجرات اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں کے پیٹرول پمپوں پر گزشتہ چند دنوں میں لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں اور گاڑیوں کے مالکان اپنے ٹینکوں کو دوبارہ بھرنے کے لیے فیول اسٹیشنوں پر بھیڑ لگا رہے ہیں۔
پٹرولیم ڈیلرز کے مطابق بی پی سی ایل اور ایچ پی سی ایل جیسی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایندھن کی سپلائی کو محدود کر دیا ہے اور وہ کل طلب کا صرف ایک چوتھائی تیل فراہم کر رہی ہیں جس سے ایندھن کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ ایک طرف جہاں موجودہ بحران تیل کی قلت کی افواہوں کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، وہیں حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی بات سامنے نہیں آئی۔
دریں اثنا ایندھن کے بحران پر جاری افواہوں پر قابو پاتے ہوئے، انڈین آئل کارپوریشن (IOC) کے ڈائریکٹر (مارکیٹنگ) وی ستیش کمار نے ٹویٹ کیا کہ "اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر مصنوعات کی دستیابی بالکل نارمل ہے۔ تمام مارکیٹس میں پروڈکٹ کی مناسب دستیابی اور سپلائی موجود ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ آپ گھبرائیں نہیں۔‘‘