بنگلورو: کرناٹک میں بی جے پی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے لیے چار فیصد او بی سی ریزرویشن کو ختم کرنے کے دو دن بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی آئین میں کوئی شق موجود نہیں ہے۔ کرناٹک کے بیدر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاست میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن فراہم کرنے پر کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی قیادت والی سابقہ حکومت نے مسلمانوں کے لیے جو ریزرویشن متعارف کرایا تھا وہ آئین کے مطابق نہیں تھا۔
انتخابات سے پہلے اپنی آخری کابینہ کی میٹنگ میں بسواراج بومائی حکومت نے جمعہ کو مسلمانوں کے لیے چار فیصد او بی سی ریزرویشن کو ختم کر دیا اور اسے دو برادریوں ویراشائیو-لنگایتوں اور ووکلیگاس میں تقسیم کر دیا۔ کابینہ نے او بی سی مسلمانوں کو 10 فیصد اقتصادی طور پر کمزور طبقہ (ای وی ایس) کے زمرے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے اپنی پولرائزیشن سیاست کے حصے کے طور پر اقلیتوں کو ریزرویشن فراہم کیا۔ بی جے پی نے اس ریزرویشن کو ختم کر دیا اور ووکلیگا اور لنگایت برادریوں کو ریزرویشن فراہم کر دیا۔