نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے حیدرآباد میں گزشتہ سال دسہرہ کے دوران ہینڈ گرینیڈ حملہ کی سازش کے سلسلے میں گرفتار تین افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ تینوں مبینہ طور پر لشکر طیبہ کے لیے کام کر رہے تھے۔ این آئی اے نے بدھ کو ایک ریلیز میں کہا کہ اس معاملے میں تفصیلی تحقیقات کے بعد لشکر طیبہ کے تین کارندوں محمد عبدالواجد عرف زاہد، سمیع الدین عرف سمیع اور محسن فاروق عرف میجر کے خلاف دہشت گردی کی فنڈنگ، دھماکہ خیز مواد کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل حیدرآباد پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی تھی۔ این آئی اے نے اس سال جنوری میں تحقیقات سنبھالی تھیں۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ تینوں ملزمان حکومت ہند کی طرف سے دہشت گرد قرار دیئے گئے فرحت اللہ غوری سے رابطے میں تھے۔ اس کے علاوہ وہ لشکر طیبہ کے سرکردہ دہشت گردوں صدیق بن عثمان عرف ابو حنظلہ، عبدالمجید عرف چھوٹو اور دیگر دہشت گرد رہنماؤں اور کارکنوں سے رابطے میں تھا۔ غوری سمیت لشکر کے یہ تینوں دہشت گرد رہنما پاکستان میں ہیں۔ این آئی اے کے مطابق زاہد کو غوری نے آن لائن میڈیم کے ذریعے تربیت دی تھی اور اسے حوالوں کے ذریعے رقم پہنچائی گئی تھی۔