گرین پارک گراؤنڈ Green Park Ground میں میچ کے آخری دن کے پہلے سیشن میں ہندوستانی گیند بازوں کو کوئی کامیابی نہیں ملی اور میچ ڈرا کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا لیکن لنچ اور چائے کے وقت کے درمیان میزبان گیند بازوں نے تین اہم وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا جبکہ چائے کے وقفے کے بعد اشون اور جڈیجا نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے میچ کو مکمل طور پرہندوستان کی طرف کر دیا، وہیں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کھیلنے والے راچن رویندرا نے 91 گیندوں پر ناٹ آوٹ 18 رن بنائے اور نمبر 11 کے بلے باز اعجاز پٹیل (2 ناٹ آؤٹ، 23 گیندوں) کا وکٹ ہندوستانی گیندباز Indian Bowlers آخرتک حاصل نہیں کرسکے اور ٹیم انڈیا دہلیز پر کھڑی جیت سے محروم ہوگئی۔
ہندوستان کی پہلی اننگز کے 345 رن کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ 296 رن پر سمٹ گئی تھی۔ 49 رن کی برتری حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 234 رن بناکر اننگز ڈکلیئر کی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام پر نو وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور کو ایک وکٹ پر چار رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلے سیشن میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 79 رن بنالئے تھے۔ ہندوستان کو لنچ کے بعد پہلی ہی گیند پر نائٹ واچ مین ولیم سومرویل (36) کی شکل میں پہلی کامیابی ملی جو امیش یادیو کے ہاتھوں لانگ لیگ پر کھڑے شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس دوران سلامی بلے باز ٹام لاتھم (52) نے بھی میچ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اپنی نصف سنچری اننگز میں انہوں نے 146 گیندیں کھیلیں اور تین چوکے لگائے۔ تاہم لنچ اور چائے کے درمیان اشون نے لاتھم اور جڈیجا نے نئے بلے باز راس ٹیلر (2) کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کو مزید دو جھٹکے لگائے۔ لاتھم کا وکٹ حاصل کرکے اشون آف اسپنر ہربھجن سنگھ Off-Spinner Harbhajan Singh کے 417 وکٹوں سے آگے نکل گئے۔ چائے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کا اسکور چار وکٹ پر 125 رن تھا۔